پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم سے نئی مدت کے لیے معاہدہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد وسیم کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کی جگہ اگلے ہفتے نیا ہیڈ کوچ مقرر ہونے کا امکان ہے۔
محمد وسیم 2024 میں قومی خواتین ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر ہوئے تھے لیکن ان کی کوچنگ کے دوران ٹیم کی کارکردگی مسلسل کمزور رہی۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کی مکمل حمایت کے باوجود محمد وسیم نتائج پیش کرنے میں ناکام رہے۔
خواتین ورلڈ کپ میں ٹیم ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ اس کے علاوہ یہ شکایات بھی سامنے آئیں کہ محمد وسیم ہیڈ کوچ ہونے کے باوجود کھلاڑیوں کی مناسب کوچنگ نہیں کر سکے۔
محمد وسیم خود بیٹسمین رہے ہیں لیکن ٹیم کی بیٹنگ سب سے کمزور رہی۔ ان کا رویہ غیر مستحکم بتایا گیا اور بولنگ و بیٹنگ کوچز اور کھلاڑیوں کے ساتھ تعلقات بھی اچھے نہیں رہے۔
ہیڈ کوچ وسیم نہ صرف ہیڈ کوچ تھے بلکہ ٹیم کی سلیکشن کے ذمہ دار بھی تھے اور سٹاف کی تقرریاں بھی اپنی مرضی سے کرتے رہے مگر نتائج صفر رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بولنگ ڈیپارٹمنٹ میں مسلسل زوال آیا اور فیلڈنگ میں بھی کوئی بہتری نہ آئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ خواتین کرکٹ کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کا حصہ ہے اور نئے کوچ سے توقعات بڑھی ہوئی ہیں کہ ٹیم کی کارکردگی میں انقلاب آئے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








