کراچی: گلستانِ جوہر کے علاقے پہلوان گوٹھ میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ایک 22 سالہ خاتون افسوسناک طور پر جاں بحق ہو گئی۔
پولیس کے مطابق فرزانہ جان نامی خاتون اپنے شوہر غلام مصطفیٰ کے ساتھ ویڈیو بنا رہی تھی، جب یہ حادثہ پیش آیا۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق فرزانہ نے اپنے شوہر سے کہا کہ ویڈیو میں وہ اس پر پستول تاننے کا منظر دکھائیں تاہم غلام مصطفیٰ نے یہ سمجھے بغیر کہ پستول میں گولی موجود ہے، ٹریگر دبا دیا جس کے نتیجے میں فائر ہو گیا اور گولی سیدھی فرزانہ کے سر میں جا لگی۔
خاتون کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لا سکی اور راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ پولیس کے مطابق یہ جوڑا محض ایک ماہ قبل ہی رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوا تھا۔
واقعے کے بعد پولیس نے ملزم غلام مصطفیٰ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے غیر قانونی پستول برآمد کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور ابتدائی شواہد کے مطابق یہ واقعہ حادثاتی فائرنگ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر اس امر کی یاد دہانی ہے کہ خطرناک ہتھیاروں کے ساتھ سوشل میڈیا ویڈیوز بنانے کا رجحان کس قدر جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








