اسرائیلی اخبار نے یہ چونکا دینے والا دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں قیامِ امن کے لیے بنائی جانے والی ممکنہ بین الاقوامی فورس میں پاکستان کے فوجی دستے کی شمولیت پر غور کیا جا رہا ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دفاعی حکام نے پارلیمانی کمیٹی برائے خارجہ و دفاع کو ایک بند کمرہ اجلاس میں بتایا کہ دو سالہ جنگ کے بعد غزہ میں استحکام کے لیے بین الاقوامی فوج تشکیل دی جا رہی ہے، جس میں پاکستان، انڈونیشیا اور آذربائیجان جیسے ممالک کے فوجی شامل ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ انڈونیشیا اس فورس کے لیے پہلے ہی اپنی افواج فراہم کرنے کی پیشکش کر چکا ہے، جب کہ آذربائیجان نے بھی اصولی طور پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
البتہ پاکستان کی جانب سے تاحال کسی بھی سطح پر نہ تو تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی کسی سرکاری یا سفارتی ذرائع سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ مجوزہ فورس غزہ میں سیکیورٹی اور بحالی کے عمل میں کردار ادا کرے گی، تاہم اس منصوبے کے حتمی خدوخال پر اب بھی مشاورت جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








