پنجاب کے مختلف شہروں میں آج صبح فضائی آلودگی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور ایک بار پھر دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔
منگل کی صبح لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 420 تک پہنچ گیا جو صحت کے لیے انتہائی مضر سطح تصور کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ فیصل آباد میں آلودگی کی شرح 622، ملتان میں 485 اور بہاولپور میں 255 ریکارڈ کی گئی یہ تمام اعدادوشمار خطرناک زمرے میں شمار ہوتے ہیں۔
ماہرینِ صحت نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ماسک پہنیں، غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور بچوں و بزرگوں کو آلودہ ہوا سے بچائیں۔
عالمی فضائی معیار نگران ادارے IQAir کے مطابق بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی فضائی آلودگی کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے جبکہ ڈھاکا تیسرے اور کلکتہ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کا شہر کراچی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 165 ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق جب AQI خطرناک سطح پر پہنچ جائے تو ہوا میں نقصان دہ ذرات جیسے PM2.5، PM10، نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ، سلفر ڈائی آکسائیڈ اور کاربن مونو آکسائیڈ کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ ایسی ہوا میں سانس لینے سے آنکھوں، ناک اور گلے میں جلن، کھانسی، سانس میں تنگی اور تھکن جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جن افراد کو دمہ یا سانس کی دیگر بیماریاں ہیں ان کے لیے یہ آلودگی شدید خطرہ ثابت ہو سکتی ہے اور انہیں خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








