کراچی میں ای چالان سسٹم کے آغاز کے چند گھنٹوں میں 10 ملین روپے کے جرمانے، چھ گھنٹوں میں 2 ہزار 600 سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈکی گئیں۔
کراچی میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کے پہلے ہی دن ٹریفک پولیس نے صرف چھ گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 662 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں، جن پر مجموعی طور پر دس ملین روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔
یہ نظام شہر بھر میں ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے مقصد سے شروع کیا گیا تھا تاہم ابتدا ہی میں بڑی تعداد میں خلاف ورزیاں سامنے آنے سے شہریوں میں حیرت کی لہر دوڑ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے، جن کی تعداد 1 ہزار 535 رہی۔
اس کے علاوہ ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے پر 507 افراد کو جرمانہ کیا گیا۔ اوور اسپیڈنگ کی 419، ریڈ سگنل توڑنے کی 166، موبائل فون استعمال کرنے کی 32 اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کی 7 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔
اسی طرح الٹی سمت میں گاڑی چلانے پر 3، غلط پارکنگ پر 5، غیر قانونی پارکنگ پر 5 اور نو پارکنگ زون میں گاڑی کھڑی کرنے پر بھی 5 چالان کیے گئے۔ مزید برآں لین لائن کی خلاف ورزی پر 3 اور اسٹاپ لائن عبور کرنے پر 4 چالان درج کیے گئے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق سسٹم کے آغاز کے باوجود اس کے تکنیکی پہلوؤں کو مزید مؤثر بنانے پر کام جاری ہے تاکہ ای چالان کے عمل کو شفاف اور خودکار بنایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید کیمروں اور خودکار نمبر پلیٹ شناختی نظام کے ذریعے خلاف ورزیاں فوری طور پر ریکارڈ کی جاتی ہیں جس کے بعد چالان براہِ راست گاڑی کے رجسٹرڈ پتے پر ارسال کر دیا جاتا ہے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق ای چالان سسٹم کا مقصد ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا اور حادثات میں کمی لانا ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ جرمانوں سے بچا جا سکے اور شہر میں بہتر ٹریفک نظام قائم کیا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








