گیس کی قیمتیں بھی بڑھنے والی ہیں؟ اوگرا میں سوئی سدرن و ناردرن کی درخواستیں زیر غور

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ملک بھر میں گیس صارفین کے لیے اہم خبریں سامنے آئیں ہیں۔ اوگرا میں مختلف کمپنیوں نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی درخواستیں دائر کر دی ہیں۔ سوئی ناردرن اور سوئی سدرن نے اپنی درخواستیں پیش کی ہیں جن پر سماعت 7 اور 11 نومبر کو ہوگی۔

ایس ایس جی سی ایل نے سندھ اور بلوچستان کے لیے گزشتہ سال کے بقایاجات سمیت مجموعی طور پر تقریباً 22 فیصد اضافے کی درخواست کی ہے جبکہ ایس این جی پی ایل نے اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے لیے 28.62 فیصد اضافہ مانگا ہے۔

سوئی ناردرن نے گیس ٹیرف میں اوسطاً 189 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ اور 316.64 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کاسٹ آف ایل این جی سروس کی مد میں اضافہ کی درخواست کی ہے۔

دوسری جانب پشاور میں غیر قانونی ایل پی جی (LPG) ریفلنگ اور کٹ ورکشاپس پر 30 دن کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے۔ انتظامیہ کی جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، گاڑیوں میں سلنڈر یا ٹینک کے ذریعے گیس کا استعمال اور غیر قانونی ریفلنگ ممنوع ہوگی۔

غیر معیاری سلنڈر اور غیر قانونی ریفلنگ انسانی جان کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں اور حادثات کا سبب بن سکتی ہیں۔ سیکشن 144 کے تحت یہ پابندی 30 دن تک جاری رہے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کے تحت قانونی کارروائی ہوگی۔

ہر سال غیر قانونی ایل پی جی کی وجہ سے درجنوں حادثات پیش آتے ہیں، جن کے خلاف قانونی کارروائیاں کی جاتی ہیں لیکن اس کے باوجود یہ غیر قانونی کاروبار زور و شور سے جاری رہا۔ شہریوں نے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

Related Posts