کراچی میں بھاری ٹریفک چالان کے خلاف ایم کیو ایم رہنما محمد عامر صدیقی نے سندھ اسمبلی میں تحریک التواء جمع کروادی ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما اور سندھ اسمبلی کے رکن محمد عامر صدیقی نے کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے بھاری چالانوں کے اجرا کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریکِ التواء جمع کراوئی جس میں چالان روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک اور جدید شہروں کے قوانین کو کراچی جیسے خستہ حال شہر پر لاگو کرنا عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔
جب تک سڑکوں کی حالت بہتر نہیں ہوتی اور ٹریفک نظام درست نہیں کیا جاتا، چالانوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جانا چاہیے۔
محمد عامر صدیقی نے مؤقف اختیار کیا کہ کراچی کے شہری پہلے ہی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، خراب ٹریفک سگنلز اور ناقص نظام کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں بھاری جرمانے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے مترادف ہیں۔
انہوں نے حکومتِ سندھ، محکمہ ٹریفک اور محکمہ ٹرانسپورٹ سے اپیل کی کہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے، فی الوقت چالانوں کو روک دیا جائے اور پہلے سڑکوں، اشاروں اور نظامِ ٹریفک کی بحالی کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








