متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکن محمد عامر صدیقی نے کراچی میں ٹریفک جرمانوں میں اضافے کے خلاف سندھ اسمبلی میں التوا کی تحریک جمع کرائی ہے۔
اپنی تحریک میں ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں پر غیر ضروری اور بھاری چالان فوری طور پر روکے جائیں، کیونکہ یہ اقدام شہر کے بگڑتے ہوئے انفراسٹرکچر کے تناظر میں عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک اور جدید شہروں کے لیے بنائے گئے قوانین کو کراچی جیسے شہر پر لاگو کرنا، جہاں سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور ٹریفک نظام مفلوج ہے، عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔
عامر صدیقی نے مزید کہا کہ کراچی کے شہری پہلے ہی خستہ حال سڑکوں، خراب ٹریفک سگنلز اور ناقص نظامِ انتظام کے باعث اذیت میں مبتلا ہیں، ایسے میں بھاری جرمانے عائد کرنا ان کے مسائل میں اضافہ کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے سندھ حکومت، ٹریفک پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ سے اپیل کی کہ عوام کو فوری ریلیف دیا جائے، بھاری جرمانوں پر عارضی طور پر پابندی لگائی جائے اور سب سے پہلے سڑکوں کی مرمت، ٹریفک سگنلز کی بحالی اور مجموعی نظامِ ٹریفک کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








