بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی جانے والی دو کارروائیوں میں 18 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 28 اور 29 اکتوبر کو کوئٹہ اور کیچ کے علاقوں میں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد فتنہ الہندستان نامی گروہ سے تعلق رکھتے تھے جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کوئٹہ کے چلتن پہاڑی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے کارروائی کی جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔ دوسری کارروائی کیچ کے علاقے میں کی گئی جہاں مزید 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں اور دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں بھی ایک آپریشن کے دوران کیپٹن نعمان سلیم سمیت چھ جوان شہید ہوئے تھے جبکہ سات دہشت گرد مارے گئے تھے جن کا تعلق بھارت کے حمایت یافتہ گروہ سے بتایا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








