پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایبٹ آباد میں اساتذہ اور طلبہ سے تفصیلی نشست میں قومی سلامتی، پاک افغان تعلقات، اور فتنہ خوارج کے خلاف جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر مختلف جامعات کے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس نشست کا مقصد ملک کو درپیش سلامتی کے چیلنجز اور قومی استحکام میں عوامی کردار کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور فتنہ خوارج کے نظریے کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان آرمی ملکی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے اور کسی بھی بیرونی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی مادرِ وطن کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ قومی سالمیت کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔
تقریب میں شریک اساتذہ اور طلبہ نے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور قومی وحدت کے لیے فوج کے کردار کو سراہا۔
وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے کہا کہ پاک فوج ملک سے محبت کی حقیقی علامت ہے۔ ہماری فوج ہمیشہ صفِ اول میں کھڑی رہتی ہے، اور ہم اس کے ساتھ ہیں۔
اساتذہ نے اس موقع پر کہا کہ دشمن عناصر نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے لیے جھوٹی معلومات پھیلا رہے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ طلبہ کو درست اور مصدقہ معلومات فراہم کی جائیں تاکہ گمراہ کن بیانیوں کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔
طلبہ نے بتایا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ اس نشست نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی منفی باتوں کی حقیقت واضح کر دی۔
ایک طالبعلم نے کہا کہ آج ہمیں ان جھوٹے افواہوں کے بارے میں درست معلومات ملیں جو سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی تھیں۔ایک اور طالبعلم نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے جوابات نے ہمارے ذہنوں سے پاک فوج اور قومی سلامتی سے متعلق غلط فہمیاں دور کر دی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








