کراچی میں درجنوں کوّوں اور عقابوں کی پراسرار ہلاکتوں نے ماحولیاتی ماہرین اور شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
شہر کے معروف میجر خالد شہید پارک سے مردہ پرندوں کی بڑی تعداد ملنے کے بعد ماہرین نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ان ہلاکتوں کی وجہ موسمیاتی تبدیلی، پرندوں کی خوراک میں زہریلے عناصر، یا کسی وائرس جیسے برڈ فلو کا پھیلاؤ ہو سکتا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت عوامی توجہ کا مرکز بنا جب معروف گلوکار بلال مقصود نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں پارک کے مختلف حصوں میں درجنوں مردہ پرندے دکھائے گئے تھے۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد شہریوں نے ماحولیاتی اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ماحولیاتی ماہر رفیع الحق نے کہا کہ یہ ہلاکتیں ممکنہ طور پر خوراکی زنجیر میں شامل کسی زہریلے عنصر کی نشاندہی کرتی ہیں، جو نہ صرف پرندوں بلکہ مجموعی ماحول کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
ان کے مطابق اگر یہ زہریلا مادہ کسی صنعتی یا کیمیائی فضلے کے باعث پیدا ہوا ہے تو اس کے اثرات دیگر جانوروں اور انسانوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔
عوامی ردعمل کے بعد محکمہ وائلڈ لائف نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حتمی وجہ کا تعین ماحولیاتی تجزیے اور لیبارٹری رپورٹس کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ کراچی جیسے ساحلی شہر میں ایک غیر معمولی ماحولیاتی سانحہ ہے جس نے قدرتی توازن پر سوال اٹھا دیے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








