انسانی اسمگلنگ کا بڑا راز کھل گیا! ایف آئی اے نے 29 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بلوچستان کے ضلع تربت میں پولیس اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے غیر قانونی انسانی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 29 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کر لیا جوکہ مبینہ طور پر سرحد عبور کر کے ایران جانا چاہتے تھے۔

ضلع کیچ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کپٹن ذوہیب محسن کے مطابق یہ کارروائی تربت کے نواحی علاقے میں کی گئی جہاں ایک لینڈ کروزر کو روک کر متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا۔

زیر حراست افراد میں 12 مرد، 13 بچے اور 4 خواتین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دو ڈرائیور بھی حراست میں لیے گئے جو ان افراد کو غیر قانونی راستوں سے ایران لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ گرفتار افغان شہری ایران کے راستے یورپ پہنچنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ تمام گرفتار افراد مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ ستمبر میں اقوام متحدہ نے پاکستان میں مائیگریشن نیٹ ورک شروع کیا تھا تاکہ ہجرت کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات مضبوط ہوں۔

ہر سال کئی نوجوان پاکستانی بہتر روزگار کے لیے غیر قانونی راستوں سے بیرون ملک جاتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (UNODC) اور یورپی یونین کی 2023 کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین سال میں تقریباً 24,000 پاکستانی غیر قانونی طور پر یورپی ممالک پہنچے۔

غیر قانونی ہجرت کے رجحانات میں برطانیہ، امریکہ اور آسٹریلیا شامل ہیں جہاں زیادہ تر پاکستانی نوکری یا بہتر زندگی کی تلاش میں جا رہے ہیں۔

Related Posts