انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو آج شروع، کراچی میں 6 نومبر تک کا ٹریفک پلان

تازہ ترین

تازہ ترین

Karachi traffic plan announced for International Maritime Expo 3–6 November
ONLINE

کراچی میں 3 سے 6 نومبر تک ایکسپو سینٹر میں ہونے والی پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے دوران شہریوں کی سہولت اور سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک پولیس نے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق بھاری اور کمرشل گاڑیوں کی آمد و رفت مخصوص مقامات پر محدود رہے گی تاکہ ایکسپو سینٹر اور نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف ٹریفک روانی برقرار رہے۔

شارع فیصل نرسری سے آنے والی ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو اسٹیڈیم کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اسی طرح حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ سے شاہراہِ سہروردی تک جانے والے راستے بھی بھاری گاڑیوں کے لیے بند رہیں گے۔

ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ کارساز، ڈرگ روڈ سے راشد منہاس روڈ اور ملیینیم سے نیپا تک کا راستہ استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم نیپا سے حسن اسکوائر کی جانب بھاری ٹریفک جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ایئرپورٹ سے آنے والی ٹریفک ڈرگ روڈ سے راشد منہاس روڈ اور ملیینیم کے راستے جا سکے گی، مگر راشد منہاس روڈ سے اسٹیڈیم کے راستے ڈالمیا جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

بھاری اور کمرشل ٹریفک نیپا، عسکری فور، ڈرگ روڈ کے ذریعے شارع فیصل، ملیینیم، صفورا، گلشن چورنگی یا سہراب گوٹھ جا سکے گی۔

یونیورسٹی روڈ کے اندرونی علاقوں سے آنے والی بھاری ٹریفک کو اسٹیڈیم یا یونیورسٹی روڈ کی طرف جانے سے روک دیا گیا ہے، اور یہ ٹریفک شہید ملت روڈ یا بلوچ پل کے راستے موڑ دی جائے گی۔

اسی طرح شاہراہِ سہروردی اور لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر تک بھاری گاڑیوں کا داخلہ بند ہوگا تاہم لیاقت آباد سے آنے والی ٹریفک شاہراہِ پاکستان، کریم آباد اور سہراب گوٹھ کے راستے اپنی منزل تک جا سکے گی۔

مزید بتایا گیا کہ شاہراہِ سہروردی سے حسن اسکوائر اور اسٹیڈیم کی دونوں سمتوں کے راستے بھاری ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔

یونیورسٹی روڈ سے ایکسپو سینٹر کی طرف مڑنے والی ٹریفک کو بھی روکا جائے گا تاہم حسن اسکوائر فلائی اوور سے نیشنل اسٹیڈیم اور نیشنل اسٹیڈیم سے حسن اسکوائر تک چھوٹی گاڑیوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ متبادل راستے استعمال کریں، افسران کی ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری طور پر ایکسپو سینٹر کے اطراف رش نہ کریں تاکہ ٹریفک نظام میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

Related Posts