بھارت کی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں ایک ہولناک سڑک حادثہ پیش آیا جہاں شراب کے نشے میں دھت ایک ٹرک ڈرائیور نے متعدد گاڑیوں کو ٹکر مارتے ہوئے تباہی مچا دی۔ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لوہا منڈی روڈ پر پیش آیا جب ایک ٹپر ٹرک کا ڈرائیور نشے کی حالت میں تقریباً پانچ کلومیٹر تک سڑک پر گاڑیوں سے ٹکراتا رہا۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹرک تیز رفتاری سے مسلسل گاڑیوں کو روندتا ہوا آگے بڑھتا رہا جس کے نتیجے میں سڑک پر افراتفری مچ گئی۔ حادثے میں 19 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
پولیس اور ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کئی افراد گاڑیوں کے ملبے تلے دب گئے تھے جنہیں نکالنے کے لیے بھاری مشینری استعمال کی گئی جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پولیس نے نشے میں حادثہ کرنے والے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔
راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے علاج میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








