مانسہرہ میں ریسکیو ٹیم پولیس تیز برفباری کے دوران کاغان وادی کے بالائی علاقوں میں پھنسے 150 سے زائد سیاحوں کو با حفاظت ریسکیو کرلیا جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
ضلعی پولیس افسر شفیع اللہ خان گنڈاپور کے مطابق سیاح تقریباً 50 گاڑیوں میں بابوسر ٹاپ اور وادی کے دیگر علاقوں میں پھنس گئے تھے۔ وہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے درمیان سفر کر رہے تھے کہ اچانک شدید برفباری سے وہ پھنس گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں، گاڑیوں کو برف سے نکالا اور پھنسے ہوئے سیاحوں کو ناران اور قریبی محفوظ مقامات اور ہوٹلوں میں منتقل کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گنڈاپور نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن رات بھر جاری رہا اور تمام سیاحوں کو پولیس وینز کے ذریعے محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا اور ہر ممکن مدد فراہم کی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 12 مسافروں پر مشتمل ایک وین جس میں خواتین اور بچے بھی تھے کو بھی پولیس کی مدد سے محفوظ مقام تک منتقل کیا گیا۔
شدید موسم اور برفانی راستوں کی وجہ سے مانسہرہ، ناران، جالکھڑ روڈ پر تمام قسم ٹریفک روک دی گئی ہے تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔ موسم صاف ہونے اور برف پگھلنے کے بعد حکام فیصلہ کریں گے کہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے درمیان گاڑیوں کی آمد و رفت بحال کی جائے، فی الحال سڑک پر سفر محدود ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








