پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ آج فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
سیریز اس وقت ایک، ایک میچ سے برابر ہے جس کے بعد آج کا مقابلہ دونوں ٹیموں کے لیے فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔
میچ سے قبل قومی کھلاڑیوں نے بھرپور مشقوں میں حصہ لیا، جہاں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی پرعزم اور تیار ہیں تاکہ فیصلہ کن میچ میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔
سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے گرین شرٹس کو آٹھ وکٹوں سے ہرا کر مقابلہ برابر کر دیا تھا۔
آج کا میچ نہ صرف سیریز کا فیصلہ کرے گا بلکہ دونوں ٹیموں کے حالیہ فارم اور کارکردگی کا امتحان بھی ثابت ہوگا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ون ڈے سیریز سے قبل کھیلی گئی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جنوبی افریقہ نے پہلا میچ جیتا تھا، تاہم پاکستان نے دوسرا اور تیسرا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کی تھی۔
شائقینِ کرکٹ آج ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع کر رہے ہیں، جہاں دونوں ٹیمیں کامیابی کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








