کیا سینیٹر عرفان صدیقی واقعی انتقال کر گئے ہیں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

سینیٹر عرفان صدیقی، فائل فوٹو

سوشل میڈیا پر حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور ممتاز کالم نگار سینیٹر عرفان صدیقی کی وفات سے متعلق افواہیں گردش کر رہی ہیں، تاہم اب اس حوالے سے وضاحت آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سینیٹر عرفان صدیقی شدید علالت کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا ہے۔ ان کی طبیعت بگڑنے کی خبریں پیر کی صبح اس وقت سامنے آئیں جب سینیٹ میں ستائیسویں آئینی ترمیم پر رائے شماری کا آغاز ہو رہا تھا۔

اس کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر ان کی وفات کی خبریں پھیل گئیں اور حیرت انگیز طور پر ان افواہوں کو پاکستان تحریکِ انصاف سے وابستہ بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا۔

تاہم سینیٹر عرفان صدیقی کے خاندان کے قریبی صحافیوں نے ان خبروں کی واضح تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرفان صدیقی بدستور زیرِ علاج ہیں اور ان کی وفات کی تمام اطلاعات بنیاد سے عاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق بعض سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا تھا کہ عرفان صدیقی کا صبح انتقال ہو چکا تھا مگر سینیٹ اجلاس ملتوی ہونے کے خدشے کے باعث خبر کو روکا گیا۔

خاندانی ذرائع اور قریبی رفقا نے عوام سے درخواست کی ہے کہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور سینیٹر عرفان صدیقی کی صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

Related Posts