خارجی دہشت گردوں کا وانا میں کیڈٹ کالج پر حملہ، جوابی کارروائی میں کئی ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

کیڈٹ کالج وانا وزیرستان، فائل فوٹو

جنوبی وزیرستان میں کیڈٹ کالج وانا پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا، بارود سے بھری گاڑی کالج کے گیٹ سے ٹکرادی، سیکیورٹی فوارسز کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جن کا تعلق فتنۃ الخوارج سے تھا۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آج سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیڈٹ کالج وانا، جنوبی وزیرستان میں ایک تعلیمی ادارے میں کلیرنس آپریشن کے دوران کم از کم دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ابتدائی کوشش میں سیکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی، تاہم یہ کوشش سیکیورٹی فورسز کی چوکسی اور پختہ کارروائی کی بدولت ناکام بنا دی گئی۔

تاہم دہشت گردوں نے دھماکہ خیز گاڑی مرکزی دروازے سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں مرکزی دروازہ گر گیا اور قریبی انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا، جس کے بعد دہشتگرد تعلیمی ادارے میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے اور کالج کے انتظامی بلاک میں محصور کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے اپنی غیر متزلزل بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جن کا تعلق بھارتی پراکسی ’فتنۃ الخوارج‘ سے تعلق تھا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ کالج کے اندر دہشت گرد اپنے ہینڈلرز سے افغانستان میں رابطے میں تھے اور ہدایات حاصل کر رہے تھے۔ افغان طالبان حکومت کے ان دعووں کے برخلاف کہ ان کے ملک میں دہشت گرد موجود نہیں، یہ سفاکانہ کارروائی افغانستان سے خوارج کے ذریعے کی گئی۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردوں اور ان کی قیادت کے خلاف جو افغانستان میں موجود ہیں، کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تازہ حملہ قبائلی علاقوں کے نوجوانوں میں خوف پیدا کرنے کے لیے کیا گیا، جو اپنی دہلیز پر معیاری تعلیم حاصل کر کے نہ صرف اپنے اور اپنے خاندان کے لیے بلکہ اپنی کمیونٹی کے لیے بھی بہتر مستقبل حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

Related Posts