بالی وڈ کے مشہور اداکار دھرمیندر کو بریچ کینڈی اسپتال سے بدھ کے روز کو گھر منتقل کر دیا گیا۔ ان کے اہل خانہ جن میں بیٹے سنی اور بوبی دیول شامل ہیں نے فیصلہ کیا کہ اب ان کا علاج گھر پر جاری رکھا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھرمیندر جو گزشتہ چند ہفتوں سے اسپتال میں داخل رہے انہیں بدھ کی صبح تقریباً 7:30 بجے اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ ڈاکٹر پرتیت سمڈانی نے بتایا کہ دھرمیندر کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا ہے تاہم اب ان کا علاج گھر پر جاری رکھیں گے جیسا کہ خاندان نے فیصلہ کیا ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر دھرمیندر کے گھر پہنچتی اور وہاں سے جانے والی ایمبولینس کی ویڈیوز نے کافی تشویش پیدا کر دی تھی۔ منگل کے روز یہ افواہیں بھی گردش کرنے لگیں تھیں کہ اداکار کا انتقال ہو گیا لیکن ان کے اہل خانہ نے فوراً یہ دعوے مسترد کر دیئے۔
دھرمیندر کی اہلیہ اداکارہ ہیما مالنی، بیٹی ایشا دیول اور دیگر اہل خانہ نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو یقین دہانی کرائی کہ اداکار زندہ ہیں اور علاج کے دوران حالت مستحکم ہے۔
اس ہفتے کے آغاز میں دھرمیندر کو ممبئی کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ان کے اہل خانہ اور رشتہ دار ان کے ساتھ موجود تھے۔ منگل کی شام، عامر خان اور ان کی گرل فرینڈ گوری سپراٹ بھی اداکار سے ملنے اسپتال پہنچے جبکہ پیر کی رات شاہ رخ خان اور سلمان خان نے بھی ملاقات کی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








