لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، قومی ذرائع ابلاغ کے مطابق جسٹس شمس محمود مرزا نے اپنا استعفیٰ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کو ارسال کیا۔
جسٹس شمس محمود مرزا نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر منصب چھوڑا۔ وہ لاہور ہائی کورٹ کے سینیارٹی لسٹ میں پانچویں نمبر پر تھے۔
ان کے اچانک استعفے نے عدالتی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب اعلیٰ عدلیہ میں پہلے ہی اہم تبدیلیاں اور تناؤ دیکھا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں سپریم کورٹ کے دو ججز جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس منصور علی شاہ نے بھی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیا تھا۔
دونوں ججز نے اپنے استعفے صدرِ مملکت کو بھجوائے جنہیں بعد ازاں صدر نے باضابطہ منظور بھی کر لیا۔ ان ججز نے وفاقی آئینی عدالت کے قیام پر اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔
27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد وفاقی آئینی عدالت کے قیام کو عملی شکل دی گئی۔ اس کے بعد صدرِ پاکستان نے نئے چیف جسٹس آف کانسٹیٹیوشنل کورٹ جسٹس امین الدین خان سے حلف لیا۔
یہ مسلسل استعفے عدلیہ کے مستقبل، آئینی اختیارات کی ازسرِ نو تقسیم اور عدالتی ڈھانچے میں ہونے والی بڑی تبدیلیوں سے متعلق نئے سوالات اٹھا رہے ہیں جبکہ قانونی و سیاسی حلقے ان پیش رفتوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








