ٹرائی نیشن سیریز کا پہلا میچ، پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹس سے شکست دے دی

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan
(فوٹو: پی سی بی)

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹرائی نیشن سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 5وکٹس سے شکست دے دی ہے۔ زمبابوے نے پاکستان کو جیتنے کیلئے 148رنز کا ہدف دیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔زمبابوے نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹس کے نقصان پر 147رنز بنائے۔ جواباً پاکستان نے 5وکٹس کے نقصان پر 19.2اوورز میں ہی ہدف پورا کردیا۔

اس سے قبل زمبابوے کے اوپنر نے اپنی ٹیم کو شاندار 72 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اوپنر کے پویلین واپس لوٹتے ہی دیگر بیٹرز ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور زمبابوے کے کپتان سکندر رضا کے 34رنز بھی ٹیم کو کمزور ہدف سے نہ بچا سکے۔

پاکستان کے خلاف 100کا ہندسہ عبور کرنے کے ساتھ ہی وقفے وقفے گرنے والی وکٹوں نے مہمان ٹیم کے بیٹرز کو مسلسل دباؤ میں ڈالا اور زمبابوے ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز ہی بنا سکی۔

مہمان ٹیم کے اوپنر بیٹر برائن بینٹ نے شاندار 49 رنز کی اننگز کھیلی، مارونامی 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ کپتان سکندر رضا 34 رنز بنا کر وکٹ پر موجود رہے تاہم دیگر کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکے۔

محمد نواز نے 2، شاہین آفریدی، صائم ایوب، سلمان مرزا اور ابرار احمد نے زمبابوے کے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی زمبابوے کے خلاف جیت میں فخر زمان نے 44رنز کی اننگ کھیل کر اہم کردار ادا کیا۔ صائم ایوب نے 22 اور صاحبزادہ فرحان نے 16رنز بنائے۔بابر صفر اور کپتان سلمان علی آغا ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ عثمان خان نے 37 جبکہ محمد نواز نے 20رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی۔

پاکستان ٹیم میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان،  بابر اعظم، سلمان علی آغا، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، سلمان مرزا، شاہین آفریدی اور ابرار احمد شامل تھے۔ خیال رہے کہ سہ ملکی سیریز میں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

Related Posts