نیویارک میں سوتھ بیز نیلامی میں ایک سونے کا ٹوائلٹ 12.1 ملین ڈالر (3 ارب 56 کروڑ روپے) میں فروخت ہوگیا جس نے نہ صرف فن کی دنیا میں ہنگامہ مچایا بلکہ دولت اور لگژری کے رویوں پر سوالیہ نشان بھی کھڑا کر دیا۔ مکمل طور پر 18 قیراط سونے سے بنایا گیا یہ ٹوائلٹ جس کا نام امریکا رکھا گیا ہے دیکھنے والوں کو حیرت اور طنز دونوں کا احساس دلاتا ہے۔
امریکا نامی ٹوائلٹ 223 پاؤنڈ وزنی ہے اور مکمل طور پر 18 قیراط سونے سے بنایا گیا ہے،ابتدائی بولی 10 ملین ڈالر رکھی گئی تھی جو سونے کی مارکیٹ ویلیو کے برابر تھی لیکن آخرکار قیمت اس سے بھی کہیں زیادہ ہو گئی۔
کاتیلان نے یہ مکمل طور پر استعمال ہونے والا ٹوائلٹ امریکی معاشرتی فضول خرچی اور دولت کے جنون پر طنز کے طور پر ڈیزائن کیا تھا۔ سونے کی قیمتی شے کو ایک عام انسانی ضرورت کے لیے استعمال ہونے والے مقام پر رکھ کر انہوں نے لگژری اور روزمرہ کی زندگی کے درمیان تضاد کو اجاگر کرنے کی کوشش کی۔
نیلامی سے قبل یہ ٹوائلٹ سوتھ بیز کی نیویارک ہیڈکوارٹرز میں رکھا گیا تھا تاکہ لوگ اسے دیکھ سکیں لیکن استعمال نہیں کر سکتے تھے۔ سوتھ بیز نے اسے نہ صرف ایک فن پارہ بلکہ معاشرتی اور اقتصادی تنقید کے طور پر بھی پیش کیا۔

یہ ٹوائلٹ پہلے ایک پرائیویٹ کلیکٹر کے پاس تھا اور یہ اسی فنکار کے دو یکساں ٹکڑوں میں سے ایک ہے جو 2016 میں بنائے گئے تھے جن میں سے ایک مختصر عرصے کے لیے گوگن ہائم میوزیم میں بھی دکھایا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








