راولپنڈی کی رہائشی خاتون منائل ملک نے ایک دل دہلا دینے والے واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے سی سی ڈی پنجاب کے انچارج ایس ایس پی سہیل ظفر چٹھہ کو درخواست جمع کرائی ہے۔
خاتون نے الزام لگایا ہے کہ روزگار کے حصول کے لیے نوکری کی تلاش کے دوران بابر اور خلیل شاہ نامی افراد نے انہیں اپنے جال میں پھنسا لیا۔
منائل ملک کے مطابق بابر اور خلیل شاہ نے انہیں پرکشش جاب اور روشن مستقبل کے وعدے دکھائے۔ چند ملاقاتوں کے بعد بابر نے ان کا اعتماد جیتا اور ان کی ہنڈا سوک گاڑی بمعہ تمام کاغذات ہتھیال لی۔

جب خاتون نے اپنی گاڑی واپس مانگی تو بابر نے نہ صرف دینے سے انکار کیا بلکہ انہیں جسمانی تعلقات قائم کرنے کے لیے دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔
خاتون نے اپنی درخواست میں یہ بھی انکشاف کیا کہ بابر ایک جرائم پیشہ شخص ہے جس نے انہیں اغوا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
منائل ملک کے مطابق وہ اپنے معصوم بچوں کے پیٹ پالنے کے لیے گھر سے نکلی تھیں مگر بابر نے ان کی مجبوری کا فائدہ اٹھا کر انہیں ذہنی اور جسمانی اذیت دی۔
منائل ملک نے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے سی سی ڈی پنجاب کے انچارج سے کہا کہ انہیں اور ان کے بچوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور بابر و خلیل شاہ کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ذرائع کے مطابق ایس ایس پی سہیل ظفر چٹھہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ابتدائی انکوائری کا حکم دے دیا ہے تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے لائی جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








