فیصل آباد کی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے دھماکہ، جاں بحق افراد کی تعداد 17ہوگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

فیکٹری میں دھماکہ
(فوٹو: آن لائن)

فیصل آباد کے علاقے ملک پور کی کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے دھماکہ ہوا، افسوسناک واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کمشنر فیصل آباد راجا جہانگیر انور نے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 5 افراد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران راجا جہانگیر انور نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فیکٹری میں دھماکا گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہوا، زیادہ جانی نقصان فیکٹری سے ملحقہ گھروں کے رہاشیوں کا ہوا۔

گفتگو کے دوران راجا جہانگیر نے کہا کہ متاثرہ علاقے میں 4 فیکڑیاں ایک ساتھ منسلک ہوکر کام کر رہی تھیں، وزیراعلیٰ پنجاب خود ریسکیو آپریشن کو مانیٹر کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ بوائلر پھٹنے سے ہونے والے دھماکے کے فوراً بعد فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی اور فیکٹری کے ساتھ ساتھ قریبی گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی آپریشن میں چار لاشیں نکال لی گئیں جبکہ نو زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے میں ایک قریبی گھر کی چھت بھی منہدم ہوئی جس کے نیچے دب کر میاں بیوی اور ان کے دو بچے جاں بحق ہوئے۔

Related Posts