ڈمپر سے نوجوان کی ہلاکت، ہنگامہ آرائی کیس میں لیاقت محسود کی ضمانت منسوخ

تازہ ترین

تازہ ترین

ضمانت
(فوٹو: آن لائن)

عدالت نے ڈمپر سے نوجوان کی ہلاکت کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس میں ڈمپر ایسوسی ایشن کے سربراہ لیاقت محسود کی عبوری ضمانت منسوخ کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیاقت محسود کی عبوری ضمانت ایڈیشنل سیشن جج، کراچی جنوبی نے منسوخ کی۔ ڈمپر سے تصادم کے نتیجے میں نوجوان کی ہلاکت کراچی کے علاقے رامسوامی میں ہوئی تھی۔ ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں لیاقت محسود کی درخواستِ ضمانت کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملزم لیاقت محسود کے اقدامات دہشت گردی کے زمرے میں آتے ہیں اور عدالت سمجھتی ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی دفعات کا بنتا ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ تفتیشی افسر کے شواہد میں واضح ہےکہ ملزم کے گارڈ نے شہریوں پربراہ راست فائرنگ کی لہٰذا ملزم  شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کا مرتکب ہوا ہے۔گارڈ کے اسلحے کا پرمٹ بھی ایکسپائر ہوچکا تھا۔

جج نے ریمارکس دئیے کہ ملزم کے گارڈ کے پاس اسلحہ رکھنےکا پرمٹ نہیں ہے۔ملزم کے گارڈ کی فائرنگ سے انسانی جان کا نقصان ہو سکتا تھا۔ عدالت نے لیاقت محسود کی درخواستِ ضمانت کے ساتھ ساتھ ان کے گارڈ جعفر کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست بھی مسترد کردی۔

لیاقت محسود کے وکیل سلمان مجاہد ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ لیاقت محسود صبح عدالت میں حاضری لگا کر چلے گئے تھے۔ درخواستِ ضمانت کی منسوخی کے وقت ملزم لیاقت محسود عدالت میں موجود نہیں تھے۔

Related Posts