غزہ پر اسرائیل کا ایک اور فضائی حملہ، 14فلسطینی شہید، متعدد زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

غزہ
(فوٹو: آن لائن)

غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے بعد بھی اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں، تازہ حملے کے نتیجے میں آج کم از کم 14فلسطینی شہری شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

رائٹرز کے مطابق عینی شاہدین اور طبی کارکنوں کا کہنا ہے کہ غزہ پر پہلا حملہ گنجان آباد علاقے رمل میں ایک گاڑی پر ہوا، جس کے نتیجے میں 5 افراد شہید ہو گئے، حملے کے کچھ ہی دیر بعد اسرائیلی فضائیہ نے وسطی غزہ کے علاقے کو نشانہ بنایا۔ ۔

اسرائیلی فضائیہ  نے  دیر البلح اور نصیرات کیمپ میں 2 الگ الگ گھروں پر فضائی حملے کیے، حملوں کے نتیجے میں مزید 5 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، تاہم فضائی حملوں کا یہ سلسلہ تھما نہیں اور اسرائیل نے ایک اور گھر کو نشانہ بنایا۔

رپورٹ کے مطابق کچھ ہی دیر میں غزہ شہر کے مغربی علاقے میں ایک اور گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں 4 فلسطینی شہید اور دیگر زخمی ہوئے، جس سے آج ہونے والی شہادتوں کی مجمعوعی تعداد 14 ہوگئی جبکہ جنگ بندی کے بعد سے شہادتوں کی تعداد 316 ہوگئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 10اکتوبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20نکاتی پلان پر جنگ بندی ہوئی اور لاکھوں فلسطینی تباہ حال غزہ میں واپس پہنچنے کیلئے تیار ہوگئے تاہم عام فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے تاحال جاری ہیں۔اب تک شہادتوں کی مجموعی تعداد 69 ہزار700 سے زائد ہوگئی جن میں ہزاروں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

Related Posts