اوگرا نے عوام کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے گیس کی قیمتوں میں اوسطاً 8فیصد کمی کی منظوری دے دی ہے، فیصلے کو منظوری کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوئی گیس کمپنیوں نے گیس کی قیمت میں 28.62 فیصد تک اضافے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سوئی سدرن کے لیے گیس کی قیمتوں میں اوسطاً 8 فیصد اورسوئی ناردرن کے لیے گیس کی قیمتوں میں اوسطا 3 فیصد کمی کی منظوری دی گئی۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے رواں مالی سال گیس کمپنیوں کی ریونیو ضروریات کے تحت فیصلہ کرتے ہوئے ایس این جی پی ایل کے لیے گیس کی قیمت 1804.08روپے جبکہ ایس ایس جی سی کے لیےگیس کی قیمت 1549.41 روپے فی ایم بی ٹی یو مقرر کردی۔
اعلامیے کے مطابق ایس ایس جی سی نےگیس کی قیمت میں 22فیصد اضافے اورسوئی ناردرن نے28.62 فیصد اضافے کی درخواست کی تھی۔ گیس کمپنیوں کے اخراجات اور آمدن کو بہتر بنا کر طلب کا از سر نو تعین کرکے پی ایل ایل کے مؤخر شدہ کارگو کا اثر صارفین کے فائدے میں شامل کردیا گیا ہے۔
کابینہ فیصلے کے مطابق اوگرا نے ایس این جی پی ایل کے 13 ارب 56 کروڑ 50 لاکھ روپے اور ایس ایس جی سی ایل کے 47 ارب 31 کروڑ 50 لاکھ روپے ایڈجسٹ کرنے کی منظوری دے دی۔ اوگرا کے مطابق گیس قیمتوں کے لیے وفاقی حکومت سے گیٹگری وار سفارش کی درخواست کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








