پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر نے ایک بار پھر اپنی غیر معمولی اداکاری سے مداحوں کو متاثر کر دیا ہے۔
پامال اور کیس نمبر 9 جیسے دو سپر ہٹ ڈراموں کی کامیابی کے ساتھ ساتھ ہم انٹرٹینمنٹ نے ان کے نئے ڈرامے معمہ کا ٹیزر بھی جاری کر دیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر صبا قمر کے ہی چرچے ہیں۔
اس ٹیزر نے مداحوں میں بے پناہ تجسس پیدا کر دیا ہے کیونکہ اس بار صبا قمر ایک ایسے کردار میں نظر آ رہی ہیں جو نہ صرف پراسرار ہے بلکہ حد سے زیادہ پیچیدہ اور منفرد بھی بتایا جا رہا ہے۔
ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ صبا قمر کا کردار جہان آرا علی انصاری کے کردار سے شدت سے محبت کرتا ہے اور کہانی ایک جنونی، بے قابو اور خطرناک محبت کے گرد گھومتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔
ٹیزر کے آغاز میں جہان آرا ایک گلاب ہاتھ میں پکڑے سیڑھیاں اترتی نظر آتی ہے جبکہ پس منظر میں صبا قمر کی آواز سنائی دیتی ہے۔
زندگی گزارنے میں اور محبت کرنے میں زیادہ مشکل کیا ہے؟ اس کے بعد علی انصاری کے کردار کی مختلف جھلکیاں سامنے آتی ہیں، جہاں وہ کسی دوسری لڑکی سے جھگڑتا بھی دکھائی دیتا ہے۔ صبا قمر کی آواز جاری رہتی ہے، مگر یہ کم بخت محبت نہ جینے دیتی ہے نہ مرنے۔

مداحوں نے ٹیزر کو بے حد پسند کیا ہے اور صبا قمر کی شاندار اداکاری کی ایک بار پھر تعریف کی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ صبا قمر ہی وہ وجہ ہیں جس کی بنا پر لوگ پاکستانی ڈرامے شوق سے دیکھتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر متعدد مداحوں نے نئے ڈرامے کے لیے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا اور لکھا کہ وہ معمہ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ صبا قمر نے بھی اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ یہ کردار ان کی اداکاری کا وہ پہلو دکھائے گا جو انہوں نے پہلے کبھی ظاہر نہیں کیا۔
گزشتہ ایک سال میں صبا قمر کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ کیس نمبر 9 میں وہ جنسی زیادتی سے متاثرہ خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ پامال میں جذباتی اور گھریلو تشدد کا شکار خاتون کے کردار نے بھی شائقین کے دلوں میں گہرا اثر چھوڑا ہے۔
صبا قمر اپنی کرداروں کے انتخاب میں ہمیشہ حقیقت، سماجی پیغام اور مضبوط کہانی کو ترجیح دیتی ہیں اور معمہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار وہ ممکنہ طور پر ایک ولن کے روپ میں سامنے آ رہی ہیں اور اس کردار کو اثر انگیز بنانے کے لیے اُن سے بہتر کوئی نہیں ہو سکتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








