ٹرائی نیشن سیریز کے اہم میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیتنے کیلئے 185رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ سری لنکن بیٹر کامل مشارا نے سب سے زیادہ 76رنز بنا کر مشکل ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکن ٹیم نے اپنی بیٹنگ کا شاندار آغاز کیا تاہم مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ 16رنز پر گر گئی جب پتھم نسانکا 7گیندوں پر 8رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
بعد ازاں وکٹ کیپر بیٹر کسال مینڈس اور اوپنر بیٹر کامل مشارا نے تیسری وکٹ کی شراکت داری میں 66رنز بنا کر سری لنکا کو مستحکم آغاز فراہم کردیا۔ 82 کے مجموعی اسکور پر کسال مینڈس ابرار احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 23گیندوں پر 40 رنز بنائے تھے۔
اس کے بعد آنے والے بیٹر کسال پریرا وکٹ پر زیادہ دیر تک جم کر نہ کھیل سکے اور 8گیندوں پر 6رنز بنا کر 96 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بعد ازاں جنیتھ لیانگے نے کامل مشارا کا ساتھ دیا اور دونوں نے ٹیم کے اسکور کو 150 سے زائد پر پہنچا دیا۔
یہ پارٹنرشپ اس وقت ٹوٹی جب اس وقت تک میچ کے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی کامل مشارا 3چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 48گیندوں پر 76رنز بنا کر 153کے مجموعی اسکور پر ابرار احمد کی گیند پر محمد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ سری لنکن کپتان دسن شناکا سری لنکن ٹیم کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔
کپتان دسن شناکا کو پاکستان کے بابر اعظم نے 10گیندوں پر 17رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ کردیا۔ مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹس کے نقصان پر 184رنز بنالیے۔ قومی کرکٹ ٹیم کو اگر سری لنکا سے میچ جیتنا ہے تو مقررہ 20 اوورز میں 185رنز کا ہدف پورا کرنا ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








