وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ میں زخمی ہونے والی ویسٹ ورجینیہ نیشنل گارڈ کی رکن سارہ بیک اسٹروم دوران علاج جان کی بازی ہار گئیں۔ یہ حملہ دو دن پہلے ہوا تھا، جس میں ایک اور گارڈ رکن شدید زخمی ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔
سارہ کون تھیں؟
سارہ بیک اسٹروم: 20 سالہ سارہ نے جون 2023 میں ویسٹ ورجینیہ نیشنل گارڈ میں شمولیت اختیارکی اور وہ 863ویں ملٹری پولیس کمپنی کا حصہ تھیں۔ این بی سی نیوز کے مطابق ان کی موت کی خبر ملی تو ان کے والد نے فیس بک پر لکھا کہ یہ ایک خوفناک المیہ ہے۔

زخمی اہلکار
اینڈریو وولف: 24 سالہ اینڈریو، جو مارٹنز برگ سے تعلق رکھنے والے یو ایس ایئر فورس کے سارجنٹ ہیں شدید زخمی حالت میں ہیں۔ ان کے والد نے کہاکہ صرف میرے بیٹے کے لیے دعا کریں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سارہ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں ایک انتہائی قابل احترام، جوان اور شاندار شخص قرار دیا۔ انہوں نے حملے کو ملت اور انسانیت کے خلاف جرم کہا اور واضح کیا کہ مجرموں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
واقعے کی تفصیلات
بدھ 26 نومبر 2025 کی دوپہر تقریباً 2:15 بجے واشنگٹن ڈی سی کے ڈاؤن ٹاؤن میں، وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈ کے دو ارکان پر فائرنگ کی گئی۔ دونوں سیف اینڈ بیوٹی فل مشن کے تحت شہر کی گشت پر مامور تھے اور حملے سے صرف 24 گھنٹے قبل ہی انہیں شہر کی گشت کی اجازت دی گئی تھی۔
حملہ آور
مشتبہ حملہ آور افغان شہری رحمان اللہ لکھنوال جو سی آئی اے کے مطابق افغانستان میں جنگ کے دوران امریکی فورسز کے ساتھ کام کر چکا ہے، واقعے کے دوران خود بھی زخمی ہوا اور اب ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ اس پر قتل کی کوشش اور تشدد آمیز جرائم کے دوران ہتھیار رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








