میرا بچہ بچالو! ماں کی دہائیوں نے آسمان ہلادیا، کراچی میں 3 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گرگیا، المناک ویڈیو

تازہ ترین

تازہ ترین

Child falls into manhole near Karachi’s Nipa
ONLINE

کراچی کے مصروف ترین علاقے نیپا کے قرب و جوار میں اتوار کی شب ایک دل خراش واقعہ پیش آیا جب 3 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں جا گرا جس کے بعد علاقے میں شدید افسوس، خوف اور بے چینی کی فضا پیدا ہوگئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بچے کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دیں تاہم سیوریج لائن کی تنگی کے باعث ریسکیو عملہ شدید مشکلات سے دوچار ہے۔

ریسکیو اہلکاروں نے ایک سرچرس کو مین ہول میں اتارنے کی کوشش کی لیکن تنگ گزرگاہ ہونے کی وجہ سے کارروائی مؤثر انداز میں آگے نہ بڑھ سکی جبکہ ٹیمیں ایک کرین کے پہنچنے کی منتظر بھی رہیں۔

بچے کی والدہ موقع پر دھاڑیں مار کر روتی رہیں اور ہر لمحہ اپنے لخت جگر کی سلامتی کے لیے فریاد کرتی رہیں، جس سے صورتحال مزید دردناک ہو گئی۔

ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد نے اس افسوسناک سانحے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ریسکیو اداروں کو ہدایت کی کہ بچے کی تلاش اور بازیابی کی کارروائی کو ہر ممکن حد تک تیز کیا جائے۔

انہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ کھلے مین ہول اور غفلت کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ کے ایم سی کا عملہ اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

واقعے کے بعد بچے کے اہل خانہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ علاقے کے شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، جس کے باعث صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی پولیس نفری تعینات کرنا پڑی۔

عوامی غم و غصہ اس امر کی جانب واضح اشارہ تھا کہ شہر میں کھلے مین ہولز اور حفاظتی اقدامات کی مسلسل کمی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

 

اسی شب کراچی کے ساحلی علاقے کیماڑی گیٹ نمبر 1 کے قریب دو مسافر کشتیوں میں تصادم سے ایک خاتون جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سات افراد کو بروقت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیاجبکہ ایس ایس پی امجد شیخ نے بتایا کہ 10 سے 12 زخمیوں کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں دو بچے تشویشناک حالت میں ہیں۔

پولیس کے مطابق کشتیوں پر مجموعی طور پر 20 سے 25 افراد سوار تھے جو کماڑی سے منوڑہ اور بابا بھٹ جا رہے تھے، جبکہ حادثے کے بعد اضافی پولیس نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔

Related Posts