آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں کیتھولک عیسائیوں نے تقریباً 500 سال بعد پہلی بار اپنا مکمل طور پر سرکاری کیتھیڈرل حاصل کرلیا ہے۔ سینٹ میریز پرو-کیتھیڈرل (St. Mary’s Pro-Cathedral) کو باضابطہ طور پر ڈبلن آرک ڈائیوسیز کا سرکاری کیتھیڈرل قرار دے دیا گیا ہے۔ اس تاریخی فیصلے کا اعلان پوپ لیو XIV نے ویٹیکن سے جاری کردہ خصوصی دستاویز “Apostolic Letter” کے ذریعے کیا۔
1534 میں ہنری ہشتم کے انگلینڈ اور آئرلینڈ کے چرچ کو روم سے الگ کرنے کے بعد ڈبلن کے دو بڑے تاریخی کیتھیڈرل، کرائسٹ چرچ کیتھیڈرل اور سینٹ پیٹرکس کیتھیڈرل دونوں چرچ آف آئرلینڈ (انگلیکن) کے پاس چلے گئے تھے۔ تب سے لے کر اب تک ڈبلن کے کیتھولک آرک بشپ کے پاس کوئی سرکاری کیتھیڈرل نہیں تھا۔
سینٹ میریز پرو-کیتھیڈرل کو 1825 میں بنایا گیا تھا اور اسے ہمیشہ پرو-کیتھیڈرل (عارضی کیتھیڈرل) کہا جاتا رہا کیونکہ یہ مکمل قانونی حیثیت نہیں رکھتا تھا۔ اب پوپ لیو XIV نے اس عمارت کو مکمل کیتھیڈرل کا درجہ دے دیا ہے۔
ڈبلن کے موجودہ آرک بشپ ڈرمٹ فارل نے اس اعلان پر کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک بہت بڑا تاریخی لمحہ ہے۔ پانچ صدیوں کے بعد ڈبلن کے کیتھولک عیسائیوں کو آخر کار اپنا مکمل کیتھیڈرل مل گیا ہے۔ یہ نہ صرف ایک عمارت کا درجہ بدلنا ہے بلکہ ہماری کمیونٹی کی شناخت اور تسلسل کی علامت ہے۔

14 دسمبر 2025 کو سینٹ میریز پرو-کیتھیڈرل میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوگی جس میں یہ نیا درجہ باضابطہ طور پر نافذ العمل قرار دیا جائے گا۔ اس تقریب میں ویٹیکن کے نمائندے، آئرلینڈ کے تمام بشپ اور ہزاروں مقامی کیتھولک شریک ہوں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سینٹ میریز پرو-کیتھیڈرل ڈبلن شہر کے مرکزی ڈاک خانے کے بالکل پیچھے واقع ہے جہاں 1916 کے ایسٹر رائزنگ کی ابتدا ہوئی تھی۔ اب یہ عمارت نہ صرف مذہبی بلکہ قومی تاریخ کا بھی ایک اہم حصہ بن گئی ہے۔
آئرلینڈ میں کیتھولک چرچ کے لیے یہ خوشی کا لمحہ اس وقت آیا ہے جب چرچ کو اسکینڈلز اور سیکولرائزیشن کے باعث متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ یہ فیصلہ آئرلینڈ کے کیتھولک کے حوصلے بلند کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








