کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرسمس سیزن کا آغاز ہوگیا، اتوار 30 نومبر کو دنیا بھر میں آمد کا پہلا اتوار منایا گیا اور پہلی شمع روشن کی گئی۔
کراچی ڈایوسیس کے زیر انتظام سینٹ جیمس پیرش کے تاریخی اور روحانی طور پر منفرد سینٹ فرانسس زیویئر چرچ میں آمد کے بابرکت ایام کے سلسلے کی پہلی شمع عقیدت اور عبادت کے ساتھ روشن کی گئی۔
قیوم آباد کے اس چرچ میں یہ روحانی لمحہ نہایت احترام، سکون اور عقیدت کے ساتھ منعقد ہوا جس میں بڑی تعداد میں مسیحی مومنین نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے ایمان اور جذبۂ عبادت کا عملی اظہار کیا۔
عبادت کا منظر روحانی نور، مقدس کلمات اور عقیدت بھری دعاؤں سے منور رہا۔ریورنڈ فادر نوربرٹ پال نے پاک ماس کی قربانی گزاری، ماسٹر اسلم نے بھی اپنی ذمہ دار بھرپور انداز میں نبھائی۔
ریورنڈ فادر نوربرٹ پال نے نے انتہائی روحانی تاثیر کے ساتھ لیتورجی کی تمام رسومات ادا کیں۔ عبادت کے دوران فادر نوربرٹ پال نے مومنین کو آمد کے ایام کی مذہبی اہمیت، کرسمس کی روحانی تیاری اور آمد کی تاریخی معنویت سے آگاہ کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ آمد کی پہلی شمع امید اور روشنی کی علامت ہے اور مسیحی مومنین کے لیے یہ وقت اپنے دلوں کو پاک کرنے، دعا میں ثابت قدم رہنے اور مسیحِ موعود کی آمد کے استقبال کی روحانی تیاری کا زمانہ ہے۔
ان کی روحانی رہنمائی نے حاضرین کے دلوں میں گہری تاثیر پیدا کی اور عبادت کے جذبے کو مزید مضبوط کیا۔تقریب کے دوران صفدر جون بھٹی، ریٹا آنٹی اور البرٹ عروج بھٹی نے انتہائی احترام اور خوبصورتی کے ساتھ کلامِ مقدس کی تلاوت پیش کی۔ ان کی تلاوت نے عبادت میں تقدس کا اضافہ کیا اور مومنین کو مقدس کلام کی برکتوں سے نوازا۔
چرچ کے کوائر نے پرسوز اور ایمان افروز گیت پیش کر کے عبادت کو مزید دلکش اور روحانی رنگ عطا کیا۔ کوائر کے گیتوں کی ہم آہنگی، میوزک اور عقیدت نے سینٹ فرانسس زیویئر چرچ کا ماحول مکمل طور پر کرسمس کی روحانی فضا سے بھر دیا۔
کیٹی کیزم اسکول کی ٹیم نے شمع جلائی، آمد کی پہلی شمع روشن ہونے کے بعد چرچ میں موجود مسیحی برادری نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور اپنی عبادت مکمل عقیدت کے ساتھ خداوند کے حضور پیش کی۔
اس موقع پر مومنین نے اپنے خاندانوں، کلیسیا اور شہر کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔ تقریب نہ صرف عبادت کا حصہ تھی بلکہ روحانی بیداری، امید اور کرسمس کی تیاری کا عملی اظہار بھی بنی، جس نے پورے چرچ میں یکجہتی، محبت اور ایمان کی فضا قائم کر دی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








