بھارتی کرکٹ ٹیم میں ایک بار پھر کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور سینئر بلے باز ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان تعلقات بدترین نہج پر پہنچ چکے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں دونوں کھلاڑیوں کی واپسی کے باوجود ٹیم کا ماحول سازگار نہیں رہا۔
ذرائع کے مطابق کوچ اور سینئر کھلاڑیوں کے درمیان اعتماد کی کمی اور بات چیت نہ ہونے کی وجہ سے ڈریسنگ روم میں ناخوشگوار ماحول ہے۔ خاص طور پر ویرات کوہلی اور روہت شرما کی اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد یہ کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
سیریز کے دوران روہت شرما اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کے درمیان بھی رابطے کی کمی دیکھی گئی جس سے ٹیم میں مزید مسائل پیدا ہوئے۔ اسی طرح کوہلی اور گوتم گمبھیر کے تعلقات میں بھی دراڑ پڑ چکی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر گوتم گمبھیر کے خلاف تنقید نے بھی صورتحال کو حساس بنا دیا ہے جس سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اعلیٰ حکام بھی پریشان ہیں۔
بھارتی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے تیار ہو رہی ہے مینجمنٹ اور سینئر کھلاڑیوں کے درمیان رابطے کی کمی نے ٹیم کے مجموعی ماحول کو متاثر کیا ہے اور بی سی سی آئی اس صورتحال کو فوری سدھارنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ ٹیم کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔
گوتم گمبھیر اور ویرات کوہلی کے تعلقات کی تاریخ
گوتم گمبھیر اور ویرات کوہلی کے تعلقات گزشتہ برسوں میں کافی تبدیل ہوئے ہیں۔ یہ دونوں کھلاڑی ماضی میں کئی مواقع پر ایک دوسرے سے ٹکرا چکے ہیں لیکن شروع میں ان کا رشتہ زیادہ خراب نہیں تھا۔
کوہلی نے 2008 میں ڈیبیو کیا تھا جب گمبھیر ٹیم کے سینئر کھلاڑی تھے۔ دونوں نے 2011 کے ورلڈ کپ میں ایک ساتھ کھیل کر ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
اہم لمحات
2009: کوہلی نے سری لنکا کے خلاف میچ جیتنے والی سنچری بنائی لیکن مین آف دی میچ ایوارڈ گمبھیر کو ملا جنہوں نے بعد میں ایوارڈ کوہلی کو دے دیا تھا، جو ان کے تعلقات کی خوشگوار مثال تھی۔
2013: آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور (کوہلی کی ٹیم) اور کولکاتا نائٹ رائیڈرز (گمبھیر کی ٹیم) کے درمیان سخت جھگڑا ہوا جسے کھلاڑیوں اور حکام کو الگ کرنا پڑا۔
2016: ایک اور آئی پی ایل میچ میں گمبھیر نے ایک جارحانہ حرکت کی جس کی وجہ سے ان پر جرمانہ بھی لگا اور دونوں کھلاڑیوں میں سختی بڑھ گئی۔
2023: ایک میچ کے دوران گمبھیر اور کوہلی کے درمیان جھگڑا پھر سے شدت اختیار کر گیا جس میں ٹیم کے دیگر ارکان کو بھی مداخلت کرنی پڑی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








