پاکستانی فلم “گھوسٹ اسکول” جس کے ڈائریکٹر سیماب گل ہیں، کو ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2025 میں باضابطہ طور پر نمائش کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ وہی فیسٹیول ہے جو 4 سے 13 دسمبر تک جدہ میں سجنے جا رہا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان پہلی مرتبہ نوشین وسیم کی کوششوں سے ریڈ سی فلم فیسٹیول کا حصہ بن رہا ہے اور گھوسٹ اسکول کی شمولیت پاکستانی سینما کے لیے ایک نمایاں پیش رفت تصور کی جا رہی ہے جو عالمی فلمی دنیا میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی شناخت کا ثبوت ہے۔
گھوسٹ اسکول ایک دیہی پس منظر میں پروان چڑھنے والی لڑکی کی کہانی بیان کرتی ہے، جس کا اسکول اچانک اور پراسرار طور پر بند کر دیا جاتا ہے۔ گاؤں بھر میں ماورائے فطرت سرگرمیوں کی سرگوشیاں پھیلتی ہیں اور سچ تک پہنچنے کے لیے لڑکی ایک ایسے سفر پر نکلتی ہے جو توہم پرستی، تعلیم کی محرومی اور دیہی سماج کے گہرے مسائل کو بے نقاب کرتا ہے۔
فلم اس سے قبل ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں عالمی پریمیئر کے بعد بین الاقوامی توجہ حاصل کر چکی ہے۔ ریڈ سی فیسٹیول میں اسے فیملیز اینڈ چلڈرن کیٹیگری میں رکھا گیا ہے اور 11 دسمبر کو سہ پہر تین بجے جدہ کے کلچر اسکوائر میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
یہ انتخاب نہ صرف پاکستانی فلم کے معیار کی توثیق ہے بلکہ عالمی سطح پر ایسی کہانیوں کو جگہ دینے کا اشارہ بھی جو سماجی معنویت رکھتی ہوں اور گھوسٹ اسکول اس حوالے سے ایک نمایاں مثال ہے۔
فلمی حلقوں اور سینما انڈسٹری نے اس پیشرفت کو بھرپور پذیرائی دی ہے۔ سیماب گل کی ہدایت کاری، فلم کی پُراثر کہانی اور اس کی سماجی گہرائی نے ناقدین اور ناظرین دونوں کو متاثر کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گھوسٹ اسکول کو جنوبی ایشیا کی اہم ترین فلموں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے جو اس سال فیسٹیول میں نمایاں موجود ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








