کرغزستان کے صدر کا دورہ، دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

MOUs signed
(فوٹو: آن لائن)

کرغزستان کے صدر ژپاروف کے دورہ اسلام آباد کے دوران دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبہ  جات میں دو طرفہ تعاون پر مبنی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا ہے جو پاکستان اور کرغزستان کے مابین تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کرغزستان کے صدر ژپاروف آج وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقعد ہوئی اور دوست ملک کے صدر کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنرز پیش کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر حکام نے گرمجوشی سے مہمان صدر کو خوش آمدید کہا۔

واضح رہے کہ یہ کرغزستان کے صدر کا پہلا سرکاری دورہ پاکستان ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپنے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد کے اراکین کا تعارف کرایا۔ صدر ژپاروف گزشتہ روز 2 روزہ دورے کیلئے اسلام آباد پہنچے تھے جہاں انہیں گن سلیوٹ پیش کیا گیا تھا جبکہ وزیراعظم کے علاوہ صدر آصف علی زرداری نے بھی ان کا استقبال کیا تھا۔

دونوں ممالک کے مابین معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر بھی شریک ہوئے۔ پاکستان فارن سروسز اکیڈمی اور کرغزستان ڈپلومیٹک اکیڈمی کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔ پاکستان اور کرغزستان نے توانائی کے شعبے میں تعاون پر بھی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا۔

اس کے علاوہ زراعت کے شعبے میں بھی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔ کرغزستان کے پاکستانی بندرگاہوں کو استعمال میں لانے سے متعلق باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا اور الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج کے قیام کیلئے دونوں ممالک کی کسٹم سروسز کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ بھی کرلیا گیا۔

Related Posts