ملک کا عسکری دفاع مزید مضبوط ہوگیا، وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں 2 سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے، صدر کی منظوری کے بعد وزارتِ دفاع نے بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے سربراہ سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی منظوری دی تھی۔ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل رہا۔
عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 7جیٹ طیارے مار گرائے، جس کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیا گیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں نے پاک فوج اور پاک فضائیہ کے کارناموں کی تعریف کی۔
حال ہی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہاکہ آپریشن ’بنیانِ مرصوص‘ میں پاک فضائیہ نے دشمن کو واضح شکستِ فاش دی اور 10 مئی کو دشمن کے دفاعی نظام کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس معرکے میں اہم قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔
ائیرچیف مارشل نے بتایا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب جب بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا، تو پاک فضائیہ نے بھرپور ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے جدید ترین طیارے، جن میں رافیل بھی شامل تھے، مار گرائے۔پاکستان کی سالمیت ہمارے لیے سب سے مقدم ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








