وزیراعظم اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد وزارتِ دفاع نے بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہوگئے ہیں جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ یہ تعیناتی بدلتے ہوئے دور کے جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی 5 سال کیلئے بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی پر وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اس سے ملک کا دفاع مزید مضبوط اور مستحکم ہوگا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ملک کی بہادر پاک فوج نے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی نے ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کردیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدتِ ملازمت میں 2 سال کی توسیع پر مبارکباد دی۔
اس موقعے پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ نے دشمن کے جنگی طیاروں کو مار گرایا، جس سے معرکہ حق میں پاکستان کی برتری ثابت ہوئی۔ پاکستان کے دفاع، ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام قومی ادارے ایک ساتھ آگے بڑھنے کیلئے پرعزم ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








