شہزاد اکبر اشتہاری قرار، عدالت نے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردئیے

تازہ ترین

تازہ ترین

شہزاد اکبر
(فوٹو: آن لائن)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے ملزم کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردئیے۔

تفصیلات کے مطابق شہزاد اکبر کے خلاف متنازعہ ٹوئٹر بیانات اور وی لاگ پر مقدمے کی سماعت سینئر سول جج ویسٹ اسلام آباد محمد عباس شاہ نے کی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس شاہ نے تحریری حکم جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مرزا شہزاد اکبر متعدد بار طلبی کے باوجود عدالت میں حاضر نہیں ہوئے۔

پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر کے خلاف متنازعہ بیانات پر درج مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کیاجاچکا ہے جبکہ یہ مقدمہ این سی سی آئی اے نے جولائی 2025 میں درج کیا۔ عدالت نے ملزم کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے سابق مشیر داخلہ شہزاد اکبر اور معروف یوٹیوبر عادل راجہ کی حوالگی کا مطالبہ کردیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے دونوں ملزمان کی حوالگی کے کاغذات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کو دے دئیے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے اہم ملاقات کی، جس کے دوران پاک برطانیہ تعلقات اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کو فوری پاکستان کے حوالے کرنے کے موضوع پر بات چیت کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر کو بتایا کہ دونوں افراد پاکستان مخالف پراپیگنڈے کے باعث مطلوب ہیں۔

Related Posts