بھاری جرمانوں کیخلاف ٹرانسپورٹرز میدان میں آگئے، پنجاب بھر میں پہیہ جام کا اعلان، کیا کل گاڑیاں چلیں گی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی فوٹو

ٹرانسپورٹرز نے اعلان کیا ہے کہ ترمیم شدہ ٹرانسپورٹ آرڈیننس اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانوں کے خلاف احتجاج کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل ہڑتال ہو گی۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے ٹرانسپورٹرز نے پہیہ جام ہڑتال کی حمایت کر دی ہے۔ یونائیٹڈ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا ہے کہ تمام بس اڈے کل بند رہیں گے۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان نیازی کے مطابق ہڑتال پورے پنجاب میں ہوگی اور ممکن ہے غیر معینہ مدت تک جاری رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو ٹرانسپورٹرز کی مشکلات سمجھنی چاہئیں۔ 25 ہزار روپے کمانے والے موٹرسائیکل سوار پر 2 ہزار روپے جرمانہ لگانا ناانصافی ہے۔

شہر کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی پاکستان یونائیٹڈ ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر شکیل قریشی نے کہا ہے کہ 8 دسمبر کو راولپنڈی کی تمام ٹرمینلز مکمل طور پر بند رہیں گی۔ ان کے مطابق پنجاب اسمبلی کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے ٹریفک قوانین اور جرمانے قابلِ مذمت ہیں اور ٹرانسپورٹرز پر غیر ضروری بوجھ ڈالتے ہیں۔

انہوں نے کسٹمز قوانین میں ترامیم کو “ٹرانسپورٹرز کا معاشی قتل” قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر یہ ظالمانہ اقدامات واپس لے۔ شکیل قریشی نے کہا کہ حکومتی فیصلوں میں عوامی مفاد کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔

Related Posts