گوا نائٹ کلب میں آگ لگنے سے چند لمحے پہلے کیا ہو رہا تھا؟ دل دہلا دینے والی ویڈیوز سامنے آگئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بھارت کی ساحلی ریاست گوا میں ایک معروف نائٹ کلب میں لگنے والی بھیانک آگ نے تفریح کی رات کو قیامت میں بدل دیا جہاں دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلوں نے چند لمحوں میں 25 افراد کی جانیں لے لیں۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر کلب کے ملازمین شامل ہیں جبکہ کچھ غیر ملکی سیاح بھی زندگی سے محروم ہوگئے۔

مقامی حکام کے مطابق یہ واقعہ برچ بائے رومیو لین نائٹ کلب میں پیش آیا جو گوا کے ایک مصروف بیچ کے قریب واقع ہے۔ پولیس کا ابتدائی خیال ہے کہ آگ کلب کے کچن میں گیس سلنڈر پھٹنے سے بھڑکی جس نے چند منٹ میں پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔ پہلے 23 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی تھی تاہم اتوار کی صبح یہ تعداد بڑھ کر 25 ہو گئی۔

زیادہ تر اموات کچن ایریا میں ہوئیں

گوا کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس الوک کمار کے مطابق آگ بنیادی طور پر گراؤنڈ فلور کے کچن حصے میں پھیلی اور زیادہ تر لاشیں بھی وہیں سے ملی ہیں جس سے ظاہر ہوتاہے کہ ہلاک شدگان میں اکثریت کلب کے ملازمین کی تھی۔

گوا کے چیف منسٹر پراموڈ ساونت نے بتایا کہ تین افراد جھلس کر جبکہ باقی دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے۔ ان کے مطابق ہلاک شدگان میں تین سے چار غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں تاہم ان کی قومیت یا عمریں نہیں بتائی گئیں۔ زخمی چھ افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت مستحکم ہے۔

علاقہ خوفزدہ مناظر کا گواہ بنا

واقعے کے وقت نائٹ کلب میں بالی ووڈ کے ایک مشہور ڈی جے کی پرفارمنس جاری تھی جس کے باعث کلب لوگوں سے بھرا ہوا تھا۔

متاثرین کی شناخت جاری

ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں کو پاناجی کے گوا میڈیکل کالج منتقل کیا ہے۔ ایک فائر فائٹر کے مطابق وہ ابھی تک لاشوں کی شناخت کر رہے ہیں، جس کے بعد لواحقین کو آگاہ کیا جائے گا۔

چیف منسٹر نے آگ کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس سانحے کا ذمہ دار ہوا وہ قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرے گا۔

بحیرہ عرب کے کنارے واقع قدیم پرتگالی نوآبادی گوا اپنی نائٹ لائف، ساحلوں اور ریزورٹس کے باعث ہر سال لاکھوں سیاحوں کو متوجہ کرتا ہے۔ صرف 2024 کی پہلی ششماہی میں یہاں 55 لاکھ سیاح آئے جن میں 2 لاکھ 70 ہزار غیر ملکی شامل تھے۔

Related Posts