زمین ہو یا آسمان، بیت اللہ کا نور ہر جگہ غالب! ناسا کا سائنسدان بھی خانہ کعبہ کی چمک دیکھ کر حیران

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

امریکا کے بین الاقوامی سائنسی تحقیقاتی ادارے نیٹشنل ایرو نوٹیکس اینڈ سپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کے سائنسدان ڈونلڈ پیٹٹ نے خلاء میں قیام کے دوران پوری دنیا کے مسلمانوں کے مقدس ترین مقام اور روحانی مرکز کی ایک دلکش تصویر کھینچی اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔ مکہ مکرمہ میں واقع خانہ کعبہ جو زمین پر اپنی نورانیت اور عظمت کے باعث نمایاں ہے، خلا سے بھی منفرد روشن نقطے کی صورت میں جھلکتا دکھائی دیتا ہے، ایک ایسا منظر جس نے دیکھنے والوں کے دلوں کو گہرے روحانی احساسات سے بھر دیا۔

دنیا بھر کے مسلمان دن میں پانچ مرتبہ اسی قبلے کی سمت رخ کر کے نماز ادا کرتے ہیں اور ہر سال لاکھوں افراد حج و عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مکہ مکرمہ کا سفر کرتے ہیں مگر خلا سے اس مقدس مقام کا عکس دیکھنا ایک ایسی کیفیت ہے جس نے دنیا بھر میں عقیدت مندانہ حیرت پیدا کر دی ہے۔

ناسا کے سائنسدان ڈونلڈ پیٹٹ جو رواں برس 220 دن تک مدار میں تعینات رہے واپس آنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہ تصویر شیئر کی۔

انہوں نے بتایا کہ خلا سے لی گئی تفصیلی تصاویر میں مکہ شہر کے وسط میں ایک نمایاں روشن نقطہ خانہ کعبہ ہے، اسلام کا وہ مقدس ترین مقام جو زمین ہی نہیں بلکہ آسمانوں کی وسعتوں میں بھی اپنی شناخت برقرار رکھتا ہے۔

یہ روح پرور تصویر تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر کے لاکھوں صارفین نے اسے پسند کرتے ہوئے عقیدت کے الفاظ میں ردعمل دیا۔ کئی صارفین نے اسے نورِ ہدایت کا مرکز اور قدرت کا کرشمہ قرار دیا۔

یہ تصویر اس حقیقت کا ایک اور ثبوت ہے کہ خانۂ کعبہ نہ صرف مسلمانوں کی عبادت کا محور ہے بلکہ کائنات کی وسعتوں میں بھی اس کا نور اپنی انفرادیت کے ساتھ چمکتا ہے۔

Related Posts