بولی وڈ کے معروف اداکار اکشے کھنہ رنویر کپور کے ہمراہ اپنی نئی تھرلر فلم “دھرندر” میں ایک دلکش ڈانس سین کی وجہ سے غیرمتوقع طور پر سوشل میڈیا پر بھرپور توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مخالف فلم میں رقص کا یہ منظر بحرینی ریپ ٹریک “FA9LA” (گلوکار: فلپراچی) پر فلمایا گیا ہے، جو تیزی سے وائرل ہوچکا ہے، اور مداح اسے سنیما کے ایسے بہترین مناظر میں سے ایک قرار دے رہے ہیں جو ہیرو کی بجائے ولن پر عکسبند کیے گئے۔
اب تک سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق ادتیہ دھر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں اکشے کھنہ بےرحم کرائم لارڈ رحمان ڈکیت کا کردار ادا کر رہے ہیں، اور اسی کردار کی ایک اسٹائلش اور ڈرامائی انٹری نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی خلیجی ہپ ہاپ بیٹس کے ساتھ گیت شروع ہوتا ہے، اکشے کھنہ کا کردار مقامی ڈانسرز کے ایک گروپ میں شامل ہوتا ہے اور پرسکون مگر لرزہ خیز انداز میں چند مووز کرتا ہے، ساتھ ہی وہ شیطانی مسکراہٹ جو دیکھنے والوں کو مکمل طور پر مسحور کر دیتی ہے۔
دوسری جانب بھارتی مداح رقص کے اس سیکوئنس کا فوری موازنہ رنبیر کپور کی فلم اینمل میں بوبی دیول کے اُس مشہور انٹری سین سے کر رہے ہیں، جو ’جمال کدو‘ پر فلمایا گیا تھا۔
اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر تعریفوں کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ مداح اکشے کھنہ کے اسٹائل، وجاہت اور بطور ولن کردار کو قابلِ ذکر بنانے والی شاندار ڈائریکشن کی بھرپور تعریف کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا:
“رحمان ڈکیت کے دھرندر میں بلوچستان میں داخل ہوتے ہی ریپیٹ موڈ آن ہو گیا۔”
جبکہ ایک اور نے کہا:
“اکشے کھنہ نے سب کو سینما میں وائب کروادیا۔”
دلچسپ طور پر اس وائرل سین نے بحرینی ریپر فلپراچی کو بھی بھارت میں توجہ کا بڑا مرکز بنا دیا ہے، اور اس کا 2024 کا ٹریک اپنی مقبولیت میں زبردست اضافے کے بعد اس رجحان کو مزید مضبوط کر رہا ہے کہ عالمی موسیقی بالی وڈ کو یادگار لمحات دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








