پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی کے بانی اور سزا یافتہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیص حمید کو فرعون قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک فرعون عمران خان ہیں جو طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیتے رہے جبکہ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید جنہوں نے اپنے حلف کی خلاف ورزیاں کیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کی سزا پر پر کہا کہ یہ ایک تاریخی اور سبق آموز فیصلہ ہے جو آئندہ نسلوں کے لیے پیغام دے گا کہ سیاسی اور انتظامی غلطیوں سے بچا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست میں بری روایات قائم کیں اور آج مکافات عمل کے تحت جیل میں ہیں اور سب کو اپنی غلطیوں پر غور اور توبہ کرنی چاہیے۔
بلاول زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں مریم نواز اور فریال تالپور کو جیل بھیجا گیا اور آج بانی پی ٹی آئی خود جیل میں ہیں، یہ سب مکافات عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیض حمید کے خلاف مزید تحقیقات اور مقدمات جاری ہیں اور ان کی سزا آئندہ غلطیوں سے بچنے کا واضح پیغام ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پنجاب کا حالیہ دورہ کامیاب رہا تاہم خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے کوئی باقاعدہ بات چیت نہیں ہوئی۔ بلاول نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی خود ایسے حالات پیدا کر رہی ہے اور آئینی طور پر گورنر راج ایک موجودہ آپشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت میں آئینی عدالت کا وعدہ کیا گیا تھا اور 27 ویں آئینی ترمیم اس وعدے کو پورا کرتی ہے جو سیاسی طور پر پیپلز پارٹی کی منشور اور نظریے کی جیت ہے۔
وفاقی حکومت کی مالی مشکلات کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کے ذمہ دار صوبوں کے عوام نہیں بلکہ اسلام آباد کے بیوروکریٹس ہیں خاص طور پر ایف بی آر کی کمزوریاں اور غلطیاں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے تجاویز دی گئی ہیں جو صوبوں کے اختیارات متاثر کیے بغیر مسائل حل کر سکتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








