لکویفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کے گھریلو سلنڈر پر 50 فیصد سے زائد ٹیکس وصولی جاری ہے جس کے نتیجے میں صارفین کو فی کلو 71روپے سے زائد ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گھریلو سلنڈر کی سرکاری قیمت 2ہزار466روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ 11اعشاریہ 8کلو کے سلنڈر کی اصل قیمت صرف 1ہزار 621روپے 82 پیسے ہے۔ حکومت گھریلو سلنڈر پر 844روپے ٹیکس کی مد میں وصول کرتی ہے۔
صارفین سے فی کلو کی مد میں 71روپے 52 پیسے کا ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ گھریلو سلنڈر پر پیٹرولیم لیوی 55روپے عائد کی گئی ہے جبکہ گھریلو سلنڈر جی ایس ٹی کے طورپر 301اعشاریہ 84روپے کی وصولی کی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں مارکیٹنگ، ڈسٹری بیوشن، ڈیلر مارجن کی مدد سے عوام کو 413 روپے علیحدہ ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیلرز مارجن، مارکیٹنگ اور ڈسٹری بیوشن پر الگ سے 18فیصد جی ایس ٹی بھی عائد کیا گیا ہے۔
حکومت جی ایس ٹی کی مد میں مختلف مارجنز پر 74روپے 34 پیسے الگ سے وصول کرتی ہے جبکہ اوگرا نے ایل پی جی کمپنیوں کو سرکاری نرخ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی ہے۔ جڑواں شہروں میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 700 سے 3ہزار800روپے تک جا پہنچی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








