ملک کی مقامی اور عالمی گولڈ مارکیٹس میں پیر کو سونے اور چاندی کی قیمتوں کو پر لگ گئے، سونے کی قیمت نے 2 روز بعد ایک بار پھر اڑان بھر لی۔ سونے کی فی تولہ قیمت میں ڈھائی ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، جبکہ یہ نرخ آج دوپہر تک برقرار رہیں گے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 2ہزار 600روپے کا اضافہ ہوا ہے جس سے سونے کی نئی قیمت 4لاکھ 54 ہزار 862روپے ہوگئی۔
پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ نرخوں کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 229روپے کا اضافہ ہوا جس سے سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 89ہزار 970 روپے فی 10 گرام تک جا پہنچی۔
اسی طرح ملک بھر میں چاندی کی قیمت میں بھی 68روپے کا اضافہ ہوا جو فی تولہ 6 ہزار 532 روپے کی سطح پر اگئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے ک قیمت 26 ڈالرز کے اضافے کے ساتھ 4 ہزار 325ڈالرز ہوگئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عالمی و مقامی گولڈ مارکیٹس میں ہفتے کو ایک دن کے بڑے اضافے کے بعد سونا اور چاندی دونوں سستے ہوگئے تھے۔ آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کا 2 روز قبل کہنا تھا کہ مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2ہزار روپے کی کمی دیکھی گئی تھی۔
پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ سونے کی فی تولہ قیمت 2ہزار روپے کی کمی کے ساتھ 4لاکھ 52 ہزار 262 روپے ہوگئی جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








