بھارتی ریاست اتر پردیش میں دہلی-آگرہ ایکسپریس وے پر شدید دھند کے باعث ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں 7 بسیں اور 3 کاریں آپس میں ٹکرا گئیں جبکہ حادثے کے فوراً بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ افسوسناک واقعے میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 25 زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حادثہ یمنا ایکسپریس وے کے آگرہ–نوئیڈا کیریج وے کے قریب پیش آیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی محدود تھی جس کی وجہ سے گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث بسیں اور کاریں چند ہی منٹوں میں جل کر راکھ ہوگئیں اور آگ میں پھنسے مسافر جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگتے نظر آئے۔
مقامی رہائشیوں کی اطلاع پر فائر بریگیڈ، پولیس اور ایمبولینسیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کی گئیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کروا کر طبی امداد دی گئی جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
حادثے کے بعد ایکسپریس وے پر ٹریفک شدید متاثر ہوئی اور حکام نے ملبہ ہٹانے اور ٹریفک کو معمول پر لانے کے اقدامات فوری طور پر شروع کر دیے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








