سعودی عرب، جرمنی، فرانس اور دیگر ممالک میں پاکستانی ورک فورس کیلئے روزگار کے زبردست مواقع

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانی اور انسانی حقوق کے اجلاس میں سیکریٹری سمندر پار پاکستانی نے بتایا کہ حکومت نے دنیا کے مختلف ممالک میں 10 کمیونٹی ویلفیئر اتاشی پوسٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اجلاس چیئرمین کمیٹی آغا رفیع اللہ کی سربراہی میں ہوا۔

یہ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی پوسٹس سعودی عرب، جرمنی، فرانس، چین، آسٹریلیا، ناروے، کینیڈا اور برطانیہ میں کام کریں گی۔ ان پوسٹس کا مقصد پاکستانی ورک فورس کی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع بڑھانے اور ہنرمند افراد کو بیرون ملک نوکریوں کے مواقع سے روشناس کرانا ہے۔

سیکریٹری نے بتایا کہ سعودی عرب میں 2030 ویژن کے تحت 1 ٹریلین ڈالر سے زائد کے میگا پراجیکٹس جاری ہیں، جن میں نیوم سٹی، جدہ سینٹرل، ریڈ سی گلوبل، کنگ سلمان انرجی پارک، جدہ ٹاور، ریاض ایکسپو 2030 اور فیفا ورلڈ کپ 2034 کے منصوبے شامل ہیں۔ اسی طرح کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریڈ سی حب کی توسیع منصوبے میں بھی روزگار کے مواقع موجود ہیں، لیکن صرف ہنرمند افراد ہی سعودی عرب میں کام کے اہل ہوں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان سالانہ تقریباً 4 لاکھ ہنرمند افراد تیار کرتا ہے اور اس سال 7 لاکھ سے زائد افراد بیرون ملک گئے۔ یونیورسٹی گریجویٹس کی تعداد زیادہ ہے، مگر بیرون ملک ان کی ڈیمانڈ کم ہے، جبکہ ہنرمند لیبر کی ضرورت زیادہ ہے۔

کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سعودی عرب ریاض نے بھی بتایا کہ سعودی عرب میں تقریباً 28 لاکھ پاکستانی ملازمت کر رہے ہیں۔ غیر قانونی طور پر کام کرنے والے 5 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس بھیجا گیا اور جیل میں سزا مکمل کرنے والے 845 افراد کو بھی واپس وطن لایا گیا۔

Related Posts