لودھراں: طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم، مریم نواز نے 50ہزار گھروں کی تعمیر کی خوشخبری بھی سنا دی

تازہ ترین

تازہ ترین

مریم نواز
(فوٹو: آن لائن)

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لودھراں میں طلبہ میں لیپ ٹاپ اور اسکالر شپس تقسیم کیں اور اس دوران 50 ہزار گھروں کی تعمیر مکمل ہونے کی خوشخبری بھی سنائی۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے لودھراں میں لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2026نوجوانوں کا سال ہوگا جس کے دوران نوجوانوں کیلئے بہترین کام ہوں گے۔ پنجاب حکومت اعلان نہیں، عملی کام بھی کرے گی۔

خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں نوجوانوں کے خوابوں کو ٹوٹنے نہیں دوں گی۔ لیپ ٹاپ اور اسکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ نے محنت کی۔ میری خواہش تھی کہ لودھراں آ کر خود لیپ ٹاپس دوں۔ طلبہ کیلئے اسکالرشپس سے بھی زیادہ کچھ کرنا چاہتی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ میرے نزدیک پنجاب کے کسی علاقے کی کوئی تفریق نہیں۔ مخالفین بھی کہتے ہیں کہ آج پنجاب خواتین کیلئے محفوظ صوبہ ہے۔ ایک سال میں 50 ہزار گھروں کی تعمیر مکمل ہوئی۔ 80ہزار گھر زیر تعمیر ہیں اور جلد مکمل ہوں گے۔ ستھرا پنجاب کے تحت صوبے میں صفائی کا بہترین کام ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن کے پاس پلاٹس نہیں، ان کو پلاٹ دینے جارہے ہیں۔ سی سی ڈی نے پنجاب کو جرائم سے پاک کردیا۔ پنجاب میں میرٹ پر 80ہزار بچوں کو اسکالرشپس دی گئیں۔ ہیلمٹ کو عوامی حفاظت کیلئے یقینی بنایا جارہا ہے۔ گرین بسز میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ ٹریفک قوانین پر بہت شور مچا لیکن آپ کی حفاظت اہمیت رکھتی ہے۔

پنجاب میں امن و امان کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میری ریڈ لائن ہیں۔ عوام کی زندگی کا تحفظ میرے لیے انتہائی اہم ہے۔ نہیں چاہتی کہ آپ کو کوئی چوٹ لگے یا نقصان پہنچے۔ ہر فصل سے پہلے چھوٹے کسان کو سود سے پاک ڈیڑھ لاکھ دئیے جاتے ہیں۔ پنجاب کے ہر شہر میں دل کے ہسپتال بن رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام منصوبے کامیابی سے جاری ہیں۔ عوام کی بھلائی کیلئے کٹہرے میں کھڑے ہونے کو تیار ہوں۔ طلبہ محنت کرکے والدین کے خواب پورے کرتے ہیں۔ جہاں بھی ہراساں کرنے کا واقعہ ہو پولیس فوری ایکشن لیتی ہے۔ ریڈ لائن کراس کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دوں گی۔ ایک ماں ہی اپنے بچوں کیلئے ایسا سوچتی ہے۔مجھے اپنی بہنوں، بیٹیوں اور ماؤں کی عزت کا خیال ہے۔

Related Posts