قومی کرکٹ ٹیم کو عالمی اعزاز دلانے والے سابق کپتان سرفراز احمد نے ایک بار پھر اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے تاہم اس بار میدان میں نہیں بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے رہنمائی کے کردار میں۔ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے مینٹور اور منیجر کے طور پر سرفراز احمد کی نگرانی میں ٹیم نے انڈر 19 ایشیا کپ میں شاندار کامیابی حاصل کی جس کے بعد کرکٹ حلقوں میں ان کی تعریف کی جا رہی ہے۔
سرفراز احمد بطور کپتان پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 2017 کی چیمپئنز ٹرافی میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر پہلی مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا۔ سرفراز نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی کپتانی کی اور اپنی بے خوف سوچ، مضبوط فیصلوں اور نوجوان کھلاڑیوں پر اعتماد کے باعث پہچانے گئے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد اب سرفراز احمد نے اپنی توجہ نوجوان کرکٹرز کی تربیت پر مرکوز کر رکھی ہے۔ حال ہی میں انہیں پاکستان انڈر 19 ٹیم کا منیجر اور مینٹور مقرر کیا گیا جہاں ان کے تجربے اور رہنمائی نے ٹیم کی کارکردگی میں واضح فرق ڈالا۔ ان کی نگرانی میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ایشیا کپ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ یہ پاکستان کا انڈر 19 ایشیا کپ میں دوسرا ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل 2012 کے ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دیا گیا تھا۔
اس تاریخی کامیابی کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بھی سرفراز احمد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں شان مسعود نے انڈر 19 ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیم منیجر اور مینٹور سرفراز احمد سمیت کوچنگ اسٹاف کی خدمات کو بھی سراہا۔
A special win for Pakistan today. The boys displayed fearlessness, maturity, belief and teamwork in a big game. Proud of the way they represented Pakistan in this U19 Asia Cup!
And a special mention to @SarfarazA_54 and his coaching staff.
🇵🇰 Pakistan Zindabad! pic.twitter.com/g56h6io8Ph
— Shan Masood (@shani_official) December 21, 2025
شان مسعود نے لکھا کہ آج پاکستان کرکٹ کے لیے ایک یادگار دن ہے۔ انڈر 19 ٹیم نے بڑے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب کے دل جیت لیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے بے خوف کھیل، غیر معمولی پختگی، خود اعتمادی اور شاندار ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ کھلاڑی دباؤ میں بھی بہترین کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کی اس کامیابی میں سرفراز احمد اور ان کے کوچنگ اسٹاف کی رہنمائی کلیدی رہی، جنہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو درست سمت دی اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارا۔
سرفراز احمد کی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ نہ صرف ایک کامیاب کپتان رہے ہیں بلکہ اب بطور مینٹور بھی پاکستان کرکٹ کے مستقبل کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








